اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) جمیل احمد نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیارکرلی۔ کراچی میں کیپٹن (ر) جمیل احمد نے ن لیگ کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی تھے۔ اس کے علاوہ چیئرمین فشر فوک فورم مہران علی شاہ، حبیب اللہ میمن اور دیگر نے بھی ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ن لیگی رہنما نہال ہاشمی کا کہنا تھاکہ سندھ پر 15 سال سے حکومت کرنے والوں نے ملیر کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، ہمیں سندھ کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لیے آگے آنا ہے۔