سرینگر (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیرمیں اسلامی تنظیم آزادی جموں وکشمیر کے سربراہ وسینئر حریت رہنماء عبدالصمد انقلابی کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ پولیس نے گرفتار کیا۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں وکشمیر کے سرینگر میں مقیم ترجمان اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر و پاکستان شاخ کے رہنماء عبدالمجید لون نے بزدلانہ کارروائی کی مزمت کی۔اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے ترجمان اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما عبدالمجید لون نے ایک مشترکہ بیان میں بھارتی پولیس کی بزدلانہ اور غیر قانونی کاروائی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ پولیس نے بدھ کو عبدالصمد انقلابی کو گرفتار کیا جبکہ عبدالصمد انقلابی کا تعلق شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے ہے۔
پچھلے تین ہفتوں سے یہ تیسری گرفتاری ہے۔ 2017 میں پلوامہ میں تقریر کرنے کے الزام میں عبدالصمد انقلابی کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ وہ اس کیس کی سزا پہلے ہی بھگت چکے ہیں۔ عبدالصمد انقلابی کو پچھلے ہفتے جیل میں بہت تشدد کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ان کا پورا جسم تکلیف دہ حالت میں تھا اور اسی حالت میں انھیں بدھ کو پھر گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر پہنچایا۔ دونوں رہنماوں نے اس کاروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکام اس طرح کے اقدامات سے کشمیری عوام کا حوصلہ ختم نہیں کرسکتے۔ انھوں نے کشمیر کی موجودہ گھمبیر صورتحال پر اقوام عالم خاص کر اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی خاموشی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس خاموشی کی وجہ سے نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی فسطائی حکومت کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے جس کی وجہ سے کشمیری عوام کی پریشانیوں میں بہت اضافہ ہورہا ہے۔