جموں(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے پونچھ میں داخلے سے روکنے کے خلاف ہفتے کے روز اپنے حامیوں کے ہمراہ راجوری پونچھ ہائی وے پر دھرنا دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی حال ہی بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دروان حراست شہید ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کے لئے پونچھ جانا چاہتی تھیں۔ قابض حکام نے محبوبہ مفتی کو پونچھ جانے کی اجازت نہیں دی جس کے خلاف ہائی وے سے پر احتجاجی دھرنا دیاگیا۔ دھرنے کے دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ پیچھے نہیں ہٹیں گی چاہے اس کے لئے پوری رات ہائی وے پر ہی گزارنی پڑے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ان کے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیگر پارٹیوںکے رہنمائوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے پونچھ جانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیاجارہا ہے۔ محبوبہ مفتی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انتظامیہ کے مقاصد پر سوال اٹھایا اور کہا کہ مجھے نہیں معلوم انتظامیہ مجھ سے اتنا خوفزدہ کیوں ہے۔انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں پھر بھی مجھے اجازت نہیں ہے۔ گاڑیاں چل رہی ہیں،دیگر رہنما شہداء کے اہلخانہ سے مل رہے ہیں، صرف مجھے روکا جا رہا ہے، شاید اس لیے کہ ان کی سیکیورٹی ایجنسیوں کے راز کھل جائیں گے۔