اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) انسانی حقوق اورخواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے بھارت پر زور دیاہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض فوج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف سفید فاسفورس اور پیلٹ گنوں کا استعمال کررہی ہیں۔انہو ں نے کہا کہ دنیا بھارتی مظالم پر خاموش ہے مگر کشمیر کے لوگ کب تک پر امن رہیں گے۔نہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں پرامن تحریک آزادی کو سبوثاز کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کررہی ہے، کشمیر میں بھارتی فوج نے عوام کو کئی سال سے محاصرے میں رکھا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر پر پاک بھارت دوطرفہ مذاکرات بے نتیجہ رہے، کشمیر میں پوری قیادت کو جیل میں بند کر دیا گیا، 2024میں یاسین ملک کو پھانسی دینے کی پلاننگ ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2024میں بھارت میں الیکشن کا سال ہے بھارت نے مظالم بڑھا دیے ہیں، بھارت میں ہندتوا سے اب ملٹی نیشنل کمپنیوں کو خطرہ ہے۔ بھارت کی دہشتگردی سے اب پوری دنیا غیر محفوظ ہوچکی ہے۔انہوںنے کہا کہ غزہ میں خواتین بچوں ہسپتالوں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، کشمیر میں بھی بھارت اسرائیلی طرز کے مظالم کر رہا ہے۔