ڈھاکا (نیوز ڈیسک ) نوبیل انعام یافتہ بنگلا دیش کے ماہر معیشت پروفیسر محمد یونس کو 6 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔ بنگلا دیشی لیبر کورٹ نے83 سالہ معروف بینکار محمد یونس کو لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں سزا سنائی، ان پر الزام ہےکہ وہ اپنی کمپنی میں ورکرز ویلفیئر فنڈ بنانے میں ناکام رہے، محمد یونس اور ان کے تینوں ساتھیوں پر 25 ہزار ٹکا کا جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔محمد یونس اور ساتھیوں نے درخواست ضمانت دائرکی جو کہ منظور کرلی گئی، عدالت نے مجرمان کو 5 ہزار ٹکا کے عوض ایک ماہ کی ضمانت دے دی۔سزا کے خلاف محمد یونس نے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے، محمد یونس کے حامیوں نے سزا کو سیاسی محرک قرار دیا ہے۔پروفیسر یونس کے وکلاء کا کہنا ہے کہ انہیں لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں اور مبینہ بدعنوانی کے 100 سے زائد دیگر الزامات کا سامنا ہے۔