اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں ایک سیمینار منعقد کیاگیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغرنے کی جبکہ لارڈ میئر آف اسٹوک آن ٹرینٹ لندن ماجد خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔محمود احمد ساغر اوردیگر مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیر کے بارے میں منظور کی گئی قرارداد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بنیاد فراہم کرتی ہے اور اس قرارداد میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے اور اس قرارداد سے بھارت کے انحراف سے خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ حریت رہنمائوں نے کہاکہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام تر وسائل کو بروئے کارلانے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہاہے۔انہوں نے بھارت پرزوردیا کہ وہ زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے سازگار ماحول پیدا کرے۔مقررین نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کانوٹس لیں اور مقبوضہ علاقے میں جاری ظلم وستم کو بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائوبڑھائیں۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تنازعہ کشمیر کاپر امن حل ناگزیر ہے۔مقررین نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجیوں کی طر ف سے نوجوانوں کے دوران حراست قتل ِ، گھروں پر چھاپے ، توڑ پھوڑ ، نوجوانوں کی گرفتاری ، خواتین اور بزرگوں سمیت مکینوںکو تشدد کا نشانہ بنانے اور املاک کو تباہ کرنے سے قابض حکام کی فسطائی ذہنیت اور ہندوتوا دہشت گردی کی عکاسی ہوتی ہے ۔حریت رہنما ئوں نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جابرانہ اقدامات ،آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کیلئے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے 5اگست 2019کے اقدام کو غیر قانونی ، غیر آئینی، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور پاک بھارت دوطرفہ معاہدوں کے منافی قراردیا۔ سیمینار کے اختتام پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ مقررین میں چیئرمین جموں وکشمیر حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین،محمد فاروق رحمانی، شیخ عبدالمتین، الطاف حسین وانی ،طاہر مسعود ، محمد حسین خطیب،خورشید میر، شوکت احمد شیخ،شیخ ماجد، سید مشتاق احمد اور دیگر نے شامل تھے ۔