اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) دنیا کے مختلف ملکوں میں پھیلنے والی کورونا کی نئی قسم جے این 1 کے4 کیسز پاکستان میں بھی سامنے آگئے۔ ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ چاروں افراد میں ہلکی علامات تھیں تاہم وہ بغیر کسی پیچیدگی کے صحت یاب ہوگئے ہیں۔ نگران وزیر صحت نے بتایا کہ صورت حال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، انٹرنیشنل ائیر پورٹس اور تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اسکریننگ کا مؤثر نظام موجود ہے۔ نگران وزیر صحت کے مطابق سردیوں میں کورونا یا فلو جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے ماسک، فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب اسلام آباد سمیت زیادہ ترائیرپورٹس پرباہر سے آنے والوں کی کووڈ ٹیسٹنگ شروع ہوگئی ہے، بیرون ملک سے آنے والے 2 فیصد مسافروں کی لازمی کووڈ ٹیسٹنگ ہوگی۔ واضح رہےکہ امریکا، برطانیہ اور بھارت میں کورونا کے نئے ویرینٹ جے این 1 کے کیسز سامنے آئے ہیں اور نئے ویرینٹ سے بھارت میں اموات بھی ہوئی ہیں جب کہ امریکا میں کورونا کے نئے ویرینٹ سے متاثرہ افراد کااسپتالوں میں داخلہ بڑھ گیا ہے۔