سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہے بھارت حکومت شمال مشرقی ریاستوں میں علیحدگی پسندوں سے بات چیت کر رہی ہے جبکہ جموںوکشمیر کے رہائشیوں کو عسکریت پسند قراردے رہی ہے۔
محبوبہ مفتی نے پی ڈی پی کے بانی اور اپنے والد مفتی محمد سعید کی آٹھویں برسی کے موقع پر ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں اندھا دھند گرفتاریاں کر کے جیلیں بھر دی گئی ہیں ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، این آئی اے، ایس آئی اے کو کشمیر میں بلا جواز چھاپوں کے کام پر لگا دیا گیا ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ پونچھ کے علاقے ہفلیاز میں نوجوانوں کو زیر حراست قتل کیا گیا ،کوئی اپنے لوگوں سے کیا ایسے سلوک کرتا ہے۔ انہوں نے بھارت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آگر آپ ہم سے عزت کیساتھ بات کریں گے تو ہم بھی احترام سے جواب دیں گے۔