اسلام آباد (نیوز ڈیسک )نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایران میں نو پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران سے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں نگران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ حملہ مشترکہ دشمنوں کی پاک ایران تعلقات خراب کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایرانی حکومت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔ اس سے قبل سراوان واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ہول ناک اور قابلِ نفرت واقعہ ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے کی فوری تحقیقات اور ملوث افراد کا فوری محاسبہ کیا جائے، اس سنگین معاملے سے مکمل آگاہ ہیں اور تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا تھا۔
مقامی بلوچ رائٹس گروپ کا کہنا ہے کہ واقعے میں مزید 3 افراد زخمی ہوئے اور متاثرہ جاں بحق و زخمی افراد پاکستانی مزدور تھے جو مقامی ورکشاپ پر کام کرتے تھے اور وہیں رہائش اختیار کر رکھی تھی۔
ایران میں فائرنگ سے جاں بحق 2 بھائیوں سمیت 5 افراد کا تعلق مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور، 2 مزدوروں کا تعلق لودھراں کےعلاقے گیلے وال سے ہے۔
خیال رہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کے بعد گزشتہ روز ہی پاکستان اور ایران کے سفارتی تعلقات مکمل بحال ہوئے تھے۔