کوئٹہ ( نیوز ڈیسک ) بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور خضدار میں بھی دستی بم حملے، فورسز کی جوابی کارروائی پر دستی بم پھینکنے والے ملزم فرار ہو گئے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق پنجگور میں چتکان کے علاقے میں ڈی سی آفس پر نامعلوم افراد نے 2 دستی بم پھینکے جو چار دیواری کے اندر گرے تاہم دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ڈیوٹی پر مامور لیویز کے اہلکاروں کی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہو گئے، مزید تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب خضدار کے علاقے زہری میں بی این پی اور جمعیت علمائے اسلام کے انتخابی دفتر پر بھی نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔