ہفتہ‬‮   21   ستمبر‬‮   2024
 
 

مقبوضہ کشمیر:کشمیری عوام سے 11 فروری کو مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل

       
مناظر: 466 | 6 Feb 2024  

 

سرینگر (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت پسند کشمیری عوام سے ممتاز آزادی پسند رہنماء محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو ان کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 11 فروری بروز اتوارکو ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے ایک اجلاس میں مقبوضہ علاقے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور و خوص کیاگیا اور جموں وکشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے جاری مظالم اور خوف ودہشت کے ماحول پر سخت تشویش ظاہر کی گئی۔ بھارت نے تحریک آزادی کشمیر میں نمایاں کردارادا کرنے پر محمد افضل گورو کو 9فروری 2013ء کو اور محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984ء کونئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر ان کی میتوں کو جیل کے احاطے میں ہی دفن کردیا تھا۔ اجلاس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تقریبا پانچ لاکھ شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں عظیم سپوتوںمحمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام سے 11فروری کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی گئی اور لوگوں پر زور دیا گیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے شہدا کے گھر جائیں۔اجلاس کے شرکاء نے کہاکہ دھرتی کے ان عظیم سپوتوں نے کشمیریوں کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد مقبول بٹ، محمد افضل گورو اور دیگر شہدا کی قربانیاں کشمیری عوام کیلئے مشعل راہ ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا۔اجلاس میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ تہاڑ ور آگرہ سمیت بھارتی جیلوں کی موت کی کوٹھریوں میں قید کشمیری رہنمائوںکی حالت زار کا فوری نوٹس لیں۔ اجلاس میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرکشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مسلسل حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیاگیا۔ اجلاس نے عالمی فورموں پر پاکستان کے فعال کردار پر اطمینان کا اظہار بھی کیاگیا۔اجلاس میں مودی کی زیرقیادت بھارتی ہندوتوا حکومت کے غیر انسانی اور سفاکانہ رویے کی مذمت کرتے ہوئے تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اجلاس میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔اجلاس میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ بھارتی قابض افواج کے بدترین محاصرے میں زندگی بسر کرنے والے تقریبا ایک کروڑ چالیس لاکھ کشمیریوں کی موجودہ سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند جنرل سکریٹری مولوی بشیر عرفانی نے جیل سے جاری ایک پیغام میں کشمیریوں سے بھرپور اور بے مثال یکجہتی کے اظہار کیلئے یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی حکومت، غیور عوام اور تمام سیای،مذہبی و سماجی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم کے ٹھوس اور غیر متزلزل موقف سے کشمیری عوام حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اہلیان پاکستان نے ہر وقت اور ہر مرحلے پر اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی ہے بلکہ مشکل کی ہر کوگھڑی میں کندھے سے کندھا ملا کر سچے خیرخواہ ہونے کا ثبوت دیاہے۔ حریت رہنماء نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر والہانہ اور بھرپور انداز میں منانے پر حکومت پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے سے ثابت ہوتا ہے کہ تحریک آزادی کے مسئلے پر پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کوہ ہمالیہ کی طرح کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ اور او آئی سی جیسے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانیت دشمنی کی تفصیل
From Jan 1989 till 29 Feb 2024
Total Killings 96,290
Custodial killings 7,327
Civilian arrested 169,429
Structures Arsoned/Destroyed 110,510
Women Widowed 22,973
Children Orphaned 1,07,955
Women gang-raped / Molested 11,263

Feb 2024
Total Killings 0
Custodial killings 0
Civilian arrested 317
Structures Arsoned/Destroyed 0
Women Widowed 0
Children Orphaned 0
Women gang-raped / Molested 0