اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سامنے آنے والے انتخابی نتائج اور مسلم لیگ (ن) کے الیکشن سیل کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت اور پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت والی جماعت کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قبل از وقت اور متعصبانہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے جب کہ ہم الیکشن کمیشن کے مکمل سرکاری نتائج کے منتظر ہیں۔
’آزاد امیدوار رابطے میں ہیں‘
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آزاد امیدوار 72 گھنٹے میں کسی جماعت کو جوائن کریں گے، انہوں نے ہم سے رابطہ کیا ہے، آئین کے مطابق آزاد امیدوار کو 72 گھنٹوں میں کسی پارٹی میں شامل ہونا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم کسی کو اپنے ساتھ ملانے کیلئے زبردستی نہیں کرسکتے، ہم پنجاب میں اکثریتی جماعت ہیں، انتخابی نتائج میں تاخیر نہیں ہوناچاہیے تھی، آزاد امیدوار جماعت میں شامل نہیں ہوں گے تو مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی، نوازشریف نے کہا تھا کہ اکثریت ہوگی تب بھی دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آزاد امیدوار ن لیگ کی کامیابی کے قریب بھی نہیں، مانگ کر نہ پہلے ذمہ داری لی نہ اب لوں گا، پارٹی فیصلہ کرے گی، بلاول بھٹو کے والد کی آزاد امیدواروں کو قابو کرنے کی صلاحیت اچھی ہے۔