اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔ اسلام آباد میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے حکومت سازی کے لیے اپنے نمبر پورے کرلیے ہیں، وزیراعظم کے لیے شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے جب کہ آصف زرداری صدر کے لیے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئر مین سینیٹ پیپلزپارٹی اور ڈپٹی چیئر مین ن لیگ کا ہوگا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ن لیگ اور ڈپٹی اسپیکر پیپلزپارٹی کا ہوگا۔ ذرائع نے بتایاکہ بلوچستان کا وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی کا ہوگا، ن لیگ اورپیپلزپارٹی مل کرحکومت بنائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ و بلوچستان ن لیگ اور گورنر پنجاب پیپلز پارٹی کا ہوگا۔ ذرائع نے بتایاکہ پیپلز پارٹی پنجاب کی صوبائی کابینہ میں بھی شامل نہیں ہو گی۔