سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں محبوبہ مفتی کی زیر قیادت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی) نے مقبوضہ وادی کشمیر میں بجلی کی مسلسل بندش پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید لوڈ شیڈنگ نے علاقے میں معمولات زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی رہنما غلام نبی لون ہنجورا نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بجلی کے موجودہ بحران کی وجہ سے کشمیر اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے اور کاروبار، تعلیم اور مریضوں کی دیکھ بھال بری طرح متاثر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹروں پر موجود مریض بجلی کے بحران کی وجہ سے شدیدمتاثر ہیں، لوگ بجلی کے بھاری بل ادا کر رہے ہیں جبکہ محکمہ بجلی صارفین کو مناسب سپلائی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔مقبوضہ علاقے میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری بجلی کے سخت بحران نے علاقے میں تعمیر و ترقی کے مودی حکومت کے بلند بانگ دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔