سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد نے میر واعظ کی آج پھر گھر میں نظر بندی اور انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے جامع مسجد جانے سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ انتظامیہ نے گزشتہ شام انجمن کومطلع کیا تھا کہ میرواعظ آج جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرسکتے ہیں اور اس حوالے سے ان پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن وہ اپنی بات سے مکر گئی اور آج انہیں پھر گھر میں نظر بند کر دیا جو انتہائی افسوسناک ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ میرواعظ کشمیرکو سرینگر کی تاریخی جا مع مسجد میں مذہبی فرائض کی انجام دہی سے بلا جواز روکا جارہا ہے اور یہ پابندی نہ صرف انکے بنیادی حقوق کو سلب کرنے کے مترادف ہے بلکہ کشمیری مسلمانوں کے دینی امور میں بھی صریح مداخلت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ میر واعظ کی رہائی کی مسلسل اپیلوں کے باوجود انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ میر واعظ کی گھر میں نظر بندی کے حوالے سے ایک عرضداشت ہائیکورٹ میں 6 مارچ کو سماعت کیلئے مقرر ہے اور انجمن یہ امید کرتی ہے کہ عدالت میر واعظ کے بنیادی حقوق بحال اور انکی رہائی یقینی بنائے گی۔