اسلام آباد( نامہ نگار) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیرسردارتنویر الیاس خان نے کہاہے کہ بلدیاتی انتخاب کا انعقاد ممکن بنا کر اختیارات کی نچلی سطح پرمنتقلی کی طرف پیش قدمی شروع کردی ہے،نومنتخب بلدیاتی ممبران ذمہ داریوں کا حلف اٹھانے کے بعد ان اداروں کی فعالیت کے لیے کردار ادا کریں گے۔ آزادکشمیر میں بنیادی مسائل کےحل کا واحد ذریعہ بلدیاتی ادارے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ان اداروں کو تمام وسائل اور اختیارات مہیا کرے گی۔بلدیاتی انتخاب کا انعقاد ہمارا انتخابی وعدہ تھا جو پورا کیا ہے،دیگر وعدے بھی اسی طرح پورے کرنے کےلیے سرگرم ہیں۔طویل عرصہ بعد آزادکشمیر میں عوام کے اندر اپنے حقوق کا شعور اجاگر ہوا ہے ، سیاسی بصیرت اور آگہی نے خطہ کےتعلیم یافتہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھائے ہیں۔یہ نوجوان ہمارا اصل اثاثہ ہیں۔جماعتی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں سردارتنویر الیاس خان نے نومنتخب بلدیاتی ممبران کو عہدوں کا حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ نومنتخب ممبران عوامی اعتماد پرپورا ترنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں گے۔عوام نے جس اعتماد اور یقین کے ساتھ نومنتخب بلدیاتی ممبران کو مینڈیٹ دیا ہے اب اس کا تقاضا ہے کہ نومنتخب ممبران جوش جذبے اور ولولے کےساتھ اپنے فرائض ادا کرنے کے لیے سرگرم ہوں۔حکومت آزادکشمیر نے تمام تر سازشوں ، رکاوٹوں کے باوجود بلدیاتی نظام اور ادارے فعال کیے ہیں، اب ان اداروں میں بیٹھنے والے افراد کا فرض ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے جب تک ان اداروں کو اختیارات اور وسائل نہیں ملتے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔نومنتخب بلدیاتی ممبران کا فرض ہے کہ مسائل کی نشاندہی کریں اور ان کے حل کے لیے حکومت کو تجاویز دیں۔
آزاد کشمیر :بلدیاتی انتخاب بعد اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر کام شروع ، وزیر اعظم
مناظر: 663 | 12 Jan 2023