سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں آپریشنز کرتے ہوئے مجموعی طور پر 35 بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کو ہلاک کر دیا، اس دوران فورسز کے 12 جوان بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنۃ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران باجوڑ میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی کے حامل 22 خوارج ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 13 مزید خوارج بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 12 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہدا نے بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر جانیں نچھاور کیں، ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولا بارود برآمد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ مہمند کے علاقے گلونو میں انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے 14 خوارج جہنم واصل کر دیے گئے۔
ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو ٹھکانے لگا دیا۔
بنوں میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں ایک خارجی کو بھی جہنم واصل کر دیا گیا۔آپریشنز کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ مارے جانے والے تمام خوارج بھارتی سرپرستی میں علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔