ہفتہ‬‮   13   ستمبر‬‮   2025
 
 

پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ، نئے کپتانوں کا امتحان، گیم چینجرز کھلاڑی

       
مناظر: 411 | 13 Sep 2025  

ایشیا کپ میں کل پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔

پاک بھارت مقابلے کے لئے شائقین کرکٹ کا جنون اپنے عروج پر ہے، شائقین بھی اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں، کئی بھارتی شائقین میچ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور کئی ایشیا کپ کو بھارت کیلئے ٹک ٹاک کہہ رہے ہیں، دونوں ٹیموں کے مداح میچ کے لیے پرجوش ہیں۔

ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کے کپتان بھی نئے ہیں اور زیادہ تر کھلاڑی بھی نئے ہیں لیکن اس کے باوجود روایتی حریفوں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

14 ستمبر 2025 کے میچ کے بعد بھی دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں ایک بار پھر 21 ستمبر کو مدمقابل آ سکتی ہیں جبکہ فائنل میں 28 ستمبر کوتیسرا مقابلہ بھی ہو سکتا ہے۔

بھارت میں حالیہ سیاسی کشیدگی اور دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری کے سبب میزبان کی ذمہ داری متحدہ عرب امارات کو دی گئی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے سفارتی اور عوامی جذبات کے آئینہ دار بھی سمجھے جاتے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ روایتی اسٹارز کے بغیر کھیلا جا رہا ہے، بھارت میں ویرات کوہلی اور روہت شرما کا دور ختم ہوچکا ہے اور ٹیم میں نئے کپتان اور ابھرتے کھلاڑی میدان میں ہیں۔ کپتان سوریا کمار یادیو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں جارحانہ انداز اور 360 ڈگری شاٹس کی مہارت کے حامل کھلاڑی ہیں۔

ہاردک پانڈیا جیسے آل راؤنڈر ٹیم کو بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں میں بیک وقت سپورٹ فراہم کر سکتے ہیں جبکہ جسپریت بمراہ ڈیتھ اوورز میں بھارت کے لئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پاکستان کی طرف سے بھی بابر اعظم اور محمد رضوان ٹیم میں موجود نہیں ہیں،نئے کھلاڑیوں کے ساتھ سلمان آغا قیادت کر رہے ہیں، جو بیٹنگ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، فخر زمان اور حسن نواز جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں، باؤلنگ میں شاہین آفریدی اور حارث رؤف میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بھارت کی جانب سے گیم چینجرز کھلاڑیوں میں ہاردک پانڈیا، سوریا کمار یادیو، ابھیشک شرما، جسپریت بمرا، ورون چکرورتی، کلدیپ یادیو شامل ہیں جو میچ کا رخ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاکستان کے گیم چینجرز کھلاڑیوں میں شاہین آفریدی، حارث رؤف، فخر زمان، صائم ایوب، حسن نواز اور سلمان آغا شامل ہیں جو ٹیم کو میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ماہرین کا اس مقابلے کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ مقابلہ شاید روایتی جوش پیدا نہ کر سکے لیکن پھر بھی دونوں ٹیموں کا سامنا کسی بھی لمحے غیر متوقع صورتِ حال پیدا کر سکتا ہے۔ اس میچ میں دباؤ برداشت کرنے والی ٹیم ہی فاتح ہو گی۔ ایشیا کپ 2025 کا یہ میچ صرف کرکٹ میچ نہیں بلکہ اعصاب کی جنگ بھی ہوگا، دباؤ، جذبات، نوجوان کھلاڑیوں کی جرات اور کارکردگی میچ کا فیصلہ کرے گی۔

ماہرین نے پاک بھارت کی متوقع پلیئنگ الیون کے بارے میں بھی رائے دی ہے، دونوں ٹیموں کے حتمی اسکواڈ کا اعلان ٹاس سے قبل کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق میچ میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، محمد نواز، فخر زمان، محمد حارث (وکٹ کیپر)، سلمان آغا (کپتان)، حسن نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم کھیل سکتے ہیں۔

بھارت کی جانب سے ابھیشک شرما، شبھمن گل، سوریہ کمار یادیو (کپتان)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، تلاک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوام دوبے، اکشر پٹیل، جسپریت بمرا، ورن چکرورتی اور کلدیپ یادیو میدان میں اتر سکتے ہیں۔