اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو سعودی عرب کے حالیہ دورے کے دوران غیر معمولی اور اعلیٰ ترین سطح کا شاہی پروٹوکول دیا گیا۔
سعودی حکام کی جانب سے وزیراعظم کے استقبال کے لیے روایتی ریڈ کارپٹ کی بجائے جامنی کارپٹ بچھایا گیا جو کہ صرف انتہائی اہم مہمانوں کے لیے مخصوص ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں جامنی کارپٹ پروٹوکول صرف اُن عالمی رہنماؤں کو دیا جاتا ہے جنہیں مملکت غیر معمولی اہمیت دیتی ہے۔
ماضی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ سعودی عرب کے موقع پر بھی اسی نوعیت کا پروٹوکول دیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب پہنچنے پر اعلیٰ سعودی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔