پاک سعودی عرب معاہدے پر بھارت نے کہا ہے کہ ہم اس کے ممکنہ اثرات کا بغور جائزہ لیں گے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کی رپورٹس دیکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس پیشرفت سے باخبر تھی جو دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے زیرِ غور تھی، ہم اس معاہدے کے اثرات کا مطالعہ کریں گے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ یہ ہماری قومی سلامتی، خطے اور عالمی استحکام پر کس طرح اثرانداز ہوگا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت قومی مفادات کے تحفظ اور ہر سطح پر جامع سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان گزشتہ روز ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی باہمی دفاعی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدے کے موقع پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بلند وبالا عمارتوں کو سعودی عرب اور پاکستانی پرچم کے رنگوں سے منور کیا گیا۔
ریاض میں عمارتوں پرپاکستان کا سبز، سفید، ہلالی اور ستارے والا پرچم جگمگارہا تھا اس کے ساتھ ہی سعوی عرب کا سبز پرچم بھی جگمگارہا تھا،ایسے ہی مناظر گزشتہ شب پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بھی دیکھنے کو ملے۔
اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر سعودی عرب اور پاکستانی پرچم لہرا دیے گئے اور بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔ جن پر مختلف پیغام درج تھے۔دوسری جانب پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ برادرانہ تعلقات کی تاریخ کا اہم موڑہے۔