جمعرات‬‮   18   ستمبر‬‮   2025
 
 

سعودی ولی عہد کی بصیرت اور ویژن نے مسلم دنیا کو نئی راہیں دکھائیں، وزیراعظم

       
مناظر: 982 | 18 Sep 2025  

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت اور ویژن نے مسلم دنیا کو نئی راہیں دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی فضائی حدود میں شاندار استقبال پر ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں، مسلم اُمہ کی قیادت کے حوالے سے سعودی ولی عہد کے ویژن کو سراہتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی بصیرت اور ویژن نے مسلم دنیا کو نئی راہیں دکھائیں، مسلم اُمہ کی رہنمائی میں ان کا کلیدی کردار ہے، ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد سے خطے کو درپیش چیلنجز او رباہمی تعاون پر گفتگو ہوئی، پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی مزید فروغ پائے گی۔

واضح رہے کہ پاک سعودی دفاعی معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، اس موقع پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بلند وبالا عمارتوں کو سعودی عرب اور پاکستانی پرچم کے رنگوں سے منور کیا گیا۔

ریاض میں عمارتوں پرپاکستان کا سبز، سفید، ہلالی اور ستارے والا پرچم جگمگارہا تھا اس کے ساتھ ہی سعوی عرب کا سبز پرچم بھی جگمگارہا تھا،ایسے ہی مناظر گزشتہ شب پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بھی دیکھنے کو ملے۔

اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر سعودی عرب اور پاکستانی پرچم لہرادیے گئے اور بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔ جن پر مختلف پیغام درج تھے۔دوسری جانب پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ برادرانہ تعلقات کی تاریخ کا اہم موڑہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دو برادر ملک دشمن کے سامنے صف آرا اور شانہ بہ شانہ ہیں، پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ دشمن کے مقابل آئیں گے، امت متحد ہوگی۔