\
اتوار‬‮   9   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ، وفاقی کمپنی کو صوبے میں ترقیاتی اسکیموں پر کام روکنے کی ہدایت

       
مناظر: 370 | 27 Sep 2025  

کراچی:سندھ حکومت نے وفاقی کمپنی پاکستان انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کمپنی کو خط لکھ کر صوبے میں ترقیاتی اسکیموں پر کام روکنے کی ہدایت کردی۔

یہ خط سیکریٹری محکمہ بلدیات سندھ نے چیف ایگزیکٹو آفسرپی آئی ڈی سی ایل کو تحریر کیا ہے۔ پاکستان انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کمپنی کو سابقہ پی ڈبلیو ڈی کی اسکیموں کو مکمل کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت 26 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں صوبے میں پی آئی ڈی سی ایل کے کردار کا جائزہ لیا گیا ہے۔ حکومت سندھ کو پی آئی ڈی سی ایل کے سندھ کے اندر دیگر ترقیاتی منصوبوں میں اپنا کردار بڑھانے پر تشویش ہے۔

کراچی اربن انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ پیکیج اور حیدرآباد اربن انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ پیکیج عمل درآمد کروانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی آئی ڈی سی ایل کا ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کے خلاف ورزی ہے۔