وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
شہباز شریف کی زیرصدارت نیویارک میں سیلابی صورتحال سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف اور بحالی کی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوموسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے۔
وزیر اعظم نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو امداد و بحالی کے آپریشنز کی اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبوں اور پی ڈی ایم ایز کو تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے تخمینے کو مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ مکمل کیا جائے۔
انہوں نے موٹروے ایم 5 کے متاثرہ حصے کی بحالی کیلئے این ایچ اے کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موٹروے جلال پور پیر والا کے مقام پر پڑنے والے شگاف کی فوری مرمت کی جائے۔
شہباز شریف نے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے اقدامات لینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں فصلوں کی کاشت کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں، انہوں نے ہدایت دی کہ آئندہ ایک ہفتے میں نقصانات کے جائزے سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے تاکہ بحالی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
