آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز سے قبل اہم کھلاڑی کی انجری کی وجہ سے بڑا دھچکا لگا ہے۔
آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل کا منگل کے روز نیٹ پریکٹس کے دوران بازو ٹوٹ گیا جس کے باعث وہ اس ہفتے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق میکسویل نیٹ میں بولنگ کر رہے تھے جب جارح مزاج بیٹر مچل اووَن کی زوردار شاٹ ان کے بازو پر لگی جس سے فریکچر ہو گیا۔
واقعہ ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں پیش آیا، جہاں آسٹریلوی ٹیم سیریز کی تیاری کر رہی ہے۔
اوون کے ساتھ والے نیٹ میں موجود بیٹر میتھیو شارٹ نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا:
“میں نے ایک کونے سے دیکھا۔ (اوون) نے زوردار شاٹ ماری اور پھر میں نے اس کے اثرات دیکھے۔ گیند میکسی کی کلائی پر لگی، آواز کچھ خاص اچھی نہیں آئی۔ اوون کو ٹی20 نیٹس میں بولنگ کرنا آسان نہیں ہوتا۔”
گلین میکسویل کی جگہ اب وکٹ کیپر بیٹر جوش فلیپ کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
یہ آسٹریلوی ٹیم کے لیے رواں ماہ دوسرا بڑا دھچکا ہے۔ اس سے قبل وکٹ کیپر جاش انگلس پنڈلی کی تکلیف کے باعث سیریز سے باہر ہو چکے ہیں، جن کی جگہ الیکس کیری کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
36 سالہ میکسویل ماضی میں بھی عجیب و غریب حادثات میں زخمی ہوتے رہے ہیں۔ تین سال قبل سالگرہ کی ایک تقریب میں ان کا ایک دوست ان کے اوپر گرا، جس سے میکسویل کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔
اسی طرح 2023 کے ورلڈ کپ کے دوران گالف کارٹ سے گرنے کی وجہ سے انہیں کنکشن کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
میتھیو شارٹ نے کہا کہ ‘میکسی نے اس طرح کی انجریز پہلے بھی برداشت کی ہیں۔ وہ مایوس ضرور تھے، لیکن یہ بھی ایک عام انجری کی طرح ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہو جائیں گے۔’
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ تین ٹی20 میچز کے لیے آسٹریلیا کی میزبانی کر رہا ہے، جو بدھ، جمعہ اور ہفتہ کو ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں کھیلے جائیں گے۔
میکسویل کی اب اگلے ماہ بھارت کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل ہوم ٹی20 سیریز میں بھی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
