جمعرات‬‮   9   اکتوبر‬‮   2025
 
 

پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ نے بھارتی کرکٹ لیگ کی 10 ملین ڈالر کی پیشکش ٹھکرا دی

       
مناظر: 967 | 8 Oct 2025  

بھارتی کرکٹ لیگ نے دو آسٹریلوی کرکٹرز کو خطیر رقم کی پیشکش کر دی تاہم انہوں نے پیشکش یہ کہہ کر ٹھکرا دی کہ ہماری اپنے ملک سے کمٹمنٹ ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل کے ایک ٹیم گروپ نے تقریباً 10 ملین ڈالر سالانہ کے عوض پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ کو کل وقتی اوورسیز ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کیلیے پیشکش کی تاہم پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ نے پیشکش مسترد کرکے ملک سے وابستگی کو ترجیح دی۔

پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ نے کرکٹرز نے بھارت کے ٹیم گروپ کو بتایا کہ ان کی اپنے ملک سے مکمل کمٹمنٹ ہے اور اپنے ملک کیلئے کھیلنا ہمارے لئے اعزاز ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ  ٹاپ آسٹریلوی کرکٹرز نیشنل کنٹریکٹس سے سال میں 1.5 ملین ڈالر کماتے ہیں جبکہ پیٹ کمنز کپتانی کا الاؤنس ملا کر تقریباً 3 ملین ڈالر سالانہ  کماتے ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ڈالروں کی پیشکش کا انکشاف بگ بیش لیگ کو پرائیویٹائز کرنے کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں ہوا۔

پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ کے اس فیصلے کو آسٹریلیا میں شائقین اور ماہرین نے سراہا ہے اور اسے قومی کھیل کے وقار کی جیت قرار دیا ہے۔

اس سے قبل 2023 میں انگلینڈ کے جوفرا آرچر کو بھارتی لیگ کی ایک ٹیم نے ایک سال کے لیے 7.5 ملین ڈالر کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے مسترد کر دیا تھا۔