برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی جس میں صوبے کی توانائی پالیسی، جاری منصوبوں اور بین الاقوامی شراکت داریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ توانائی کے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے، تھر کول، سولر، ونڈ ہائبرڈ اور گھروں کی سولرائزیشن منصوبے جاری ہیں، عالمی بینک کے تعاون سے نئے سولر اور ونڈ ہائبرڈ منصوبے جلد شروع ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور برطانیہ کے درمیان توانائی کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ہے جب کہ سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، مقامی وسائل کے مؤثر استعمال پر توجہ ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کو توانائی کے لحاظ سے خود کفیل بنانا حکومت سندھ کا ہدف ہے، سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ جاری ہے، 21 لاکھ مکانات سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔
ملاقات میں برطانوی ہائی کمیشن کی سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر ہُدیٰ اکرام بھی موجود تھیں، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے معزز مہمانوں کو سندھی لنگی کے تحائف پیش کیے۔
