امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں روس سے تیل کی خریداری روکنے کا یقین دلایا ہے، امریکی صدر نے چین سے بھی روسی تیل کی خریداری رکوانے کا بھی انتباہ دے دیا۔
امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں پریس کانفرنس کے دوران نئی دہلی کی جانب سے روسی تیل کی مسلسل خریداری پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔
تاہم، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ بھارت روس سے تیل خریدنا بند کر دے گا، جسے امریکی صدر نے ماسکو کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی کوششوں میں ’ایک بڑا قدم‘ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں خوش نہیں تھا کہ بھارت تیل خرید رہا ہے، اور مودی نے آج مجھے یقین دلایا کہ وہ روس سے تیل نہیں خریدیں گے‘۔
ٹرمپ کے مطابق یہ قدم اس سے کہیں آسان ہوگا جو انہوں نے گزشتہ چند ہفتوں میں مشرقِ وسطیٰ میں کیا، یعنی حالیہ غزہ جنگ بندی اور اس کے بعد ہونے والی کانفرنس، جس میں کئی فریقین نے ان کے امن منصوبے کی توثیق کی۔
روسی تیل کی خریداری روکنے کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک بڑا قدم ہے، اب ہم چین سے بھی یہی کروائیں گے‘۔
صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے مابین مئی میں ہونے والے تنازع کا بھی ذکر کیا، اور ایک بار پھر دہرایا کہ ’7 طیارے مار گرائے گئے تھے‘، انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے توصیفی کلمات کو بھی یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے وزیر اعظم کھڑے ہوئے اور بہت خوبصورت انداز میں کہا کہ ’آپ نے لاکھوں جانیں بچائیں‘، میرا خیال ہے وہ بھارت کے ساتھ ممکنہ ایٹمی جنگ کی بات کر رہے تھے، یہ بہت قریب پہنچ گئی تھی، اور آپ جانتے ہیں کہ 7 طیارے، 7 ہوائی جہاز مار گرائے گئے تھے‘۔