صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں اب کسی غریب یا کمزور شخص کی زمین پر قبضہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے پراپرٹی آرڈیننس کی منظوری کے ساتھ مریم نواز نے قبضہ مافیا کا مستقل خاتمہ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں قبضہ مافیا کے خلاف تاریخی اور انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے “پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف امویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025ء” کی منظوری دی تھی، جس کے تحت پنجاب میں کسی بھی شہری کی جائیداد پر ناجائز قبضہ اب ناممکن ہو جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ جس کی ملکیت، اسی کا حق ہے، پنجاب میں قبضہ مافیا کا باب ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ماضی میں زمینوں پر قبضے کے مقدمات 40، 40 سال عدالتوں میں زیرِ سماعت رہتے تھے، لیکن اب ہر کیس کا فیصلہ 90 روز کے اندر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کے نظامِ حکومت کو “ریاست ہوگی ماں” کے حقیقی ماڈل میں ڈھال رہی ہیں۔ صوبے میں غیر قانونی سرگرمیوں، اسلحے کی نمائش اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا مریم نواز کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب میں ترقی اور گورننس کا جو نیا رجحان متعارف ہوا ہے، وہ دیگر صوبوں کے لیے ایک رول ماڈل بن چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق مریم نواز عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے روزانہ نئے منصوبے شروع کر رہی ہیں، جب کہ وسائل کے شفاف استعمال اور میرٹ پر مبنی پالیسی پنجاب حکومت کی پہچان بن چکی ہے۔
