سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گیس سلینڈر دھماکے کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے۔
افسوسناک واقعے کے بعد پاکستانی سفارت خانہ متاثرہ خاندانوں کی مدد اور قانونی کارروائی کے لیے سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ شب ریاض کے علاقے منفوحہ میں پیش آیا، جہاں گیس سلینڈر میں زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے باعث متعدد افراد متاثر ہوئے، جن میں 6 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ سعودی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم واقعے کی حتمی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہری مختلف شعبوں میں ملازمت کرتے ہیں، اور ایسے حادثات کی صورت میں پاکستانی سفارت خانہ متاثرہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کی معاونت کے لیے متحرک رہتا ہے۔