\
ہفتہ‬‮   8   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

ون ڈے سیریز؛ ایک اور ہار یا پلٹ کر وار، جنوبی افریقہ اور پاکستان کا فیصلہ کن میچ آج ہوگا

       
مناظر: 768 | 8 Nov 2025  

ایک اور ہار یا پلٹ کر وار، نئے معرکے کے لیے میدان تیار ہو گیا، پاکستان ٹیم غلطیوں سے سبق سیکھ کر ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے  کوشاں ہے، جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ ہفتے کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہوگا۔بعض کھلاڑیوں نے گزشتہ روز بھرپور انداز میں مشقیں کیں، آئی سی سی کی طرف سے 2 میچز کی پابندی ختم ہونے کے بعد پیسر حارث رئوف سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے،کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ دوسرے میچ میں کیچز ڈراپ کرنا شکست کی اہم وجہ بنا۔ ادھر میچ کے لیے  شائقین میں بے پناہ جوش وخروش پایا جاتا ہے، تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کا آغاز 2 وکٹ کی فتح سے کیا، البتہ دوسرے میچ میں 8 وکٹ کی ناکامی نے سیریز برابر کرا دی، اب فیصلہ کن معرکہ ہفتے کو فیصل آباد کے تاریخی اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، شائقین کرکٹ سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں، دونوں ٹیمیں مکمل تیاری کے بعد جیت کا عزم لیے میدان میں اتریں گی۔

پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ہم تیسرے میچ میں بھرپور انداز میں کم بیک کریں گے، دوسرے میچ میں صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے عمدہ بیٹنگ کی، ان کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو سہارا دیا مگر بدقسمتی سے فیلڈنگ میں غلطیوں نے محنت پر پانی پھیر دیا۔

 دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کپتان میتھیو برٹزکی نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے میچ میں کھلاڑیوں نے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھائی،میچ کا آغاز برگر کی شاندار بولنگ سے ہوا جنھوں نے پاکستانی بیٹرز کو ابتدا ہی سے دبائو میں رکھا، بیٹنگ میں کوئنٹن ڈی کاک اور پریٹوریس نے جارحانہ آغاز فراہم کیا ، ٹونی زورزی کی ذمہ دارانہ اننگز نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم ہمیشہ اپنی فیلڈنگ پر فخر کرتی ہے ، دوسرے ون ڈے میں کھلاڑیوں نے کئی قیمتی رنز بچا کر شاندار فیلڈنگ کی مثال قائم کی۔

ادھر گزشتہ روز قومی ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے اقبال اسٹیڈیم میں دوپہر 2 سے ساڑھے تین بجے تک بھرپور پریکٹس سیشن کیا، انھوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے خصوصی سیشنز میں حصہ لیا، مشقوں کا حصہ بننے والے پلیئرز میں حارث رئوف، حسیب اللہ،فیصل اکرم اور حسن نوازشامل تھے،جنوبی افریقہ کی ٹیم نے گزشتہ روز آرام کو ترجیح دی۔

پاکستانی ٹیم کے لیے بڑی خوش خبری یہ ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے 2میچز کی پابندی ختم ہونے کے بعدفاسٹ بولر بولر حارث روف ٹیم کو دستیاب ہوں گے، ان کی ممکنہ واپسی سے پیس اٹیک کو تقویت ملے گی۔ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں اب تک 18 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جا چکے ہیں، پاکستان نے 14میں سے 10 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 4 میں ناکامی ہوئی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے یہاں 7 میچز کھیلے ،ان میں 3 میں جیت اور 4 میں شکست مقدر بنی۔

ضلعی انتظامیہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسٹیڈیم میں سیکیورٹی اور انتظامات کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، میچ کی تمام ٹکٹس فروخت ہو چکی ہیں، اقبال اسٹیڈیم مکمل طور پر کرکٹ فینز سے بھرا دکھائی دے گا۔ سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری بھی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کی گئی ہے تاکہ شائقین پرامن ماحول میں کرکٹ کے اس تاریخی مقابلے سے لطف اندوز ہوسکیں ۔