کراچی:سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹیریٹ کا دو روزہ اہم اجلاس پیر اور منگل کو کراچی میں منعقد ہوگا۔
کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیر صدارت پہلے دن صبح 11 بجے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اجلاس میں کرکٹ سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔
ایجنڈے کے مطابق کمیٹی کے ارکان اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کریں گے جبکہ پی سی بی کے چیئرمین کی جانب سے اسٹیڈیم میں نئی تعمیرات کے حوالے سے مفصل پریزنٹیشن پیش کی جائے گی۔
اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم میں گزشتہ تین برس کے دوران ہونے والے کام اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، کمیٹی کے چیئرمین کی اجازت سے کرکٹ سے متعلق امور پر بات چیت بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
واضح رہے کہ کمیٹی کے ارکان میں سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سلیم بانڈی والا، سینیٹر فوزیہ ارشد، سینیٹر سیف اللہ خان نیازی ،سینیٹر سعدیہ عباسی ،سینیٹر ایمل ولی خان ،سینیٹر انوشہ رحمان، سینیٹر عطاالرحمن، سینیٹر عامر ولی الدین چشتی، سینیٹر محمد عبدالقادر، سینیٹر اعظم خان سواتی اور سینیٹر دلاور خان بھی شامل ہیں۔
