\
اتوار‬‮   21   دسمبر‬‮   2025
 
 

پاکستان کی خاتون ڈاکٹر کے حجاب کھینچنے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت

       
مناظر: 788 | 18 Dec 2025  

پاکستان نے خاتون ڈاکٹر کے حجاب کھینچنے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے۔

بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ کی جانب سے خاتون ڈاکٹر کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کا مؤثر تحفظ یقینی بنائے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ بہار کے وزیراعلیٰ کی جانب سے خاتون کا حجاب کھینچنا غیرانسانی اور قابلِ مذمت فعل ہے جبکہ بھارت میں اقلیتوں کو مسلسل ناروا سلوک کا سامنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی پر گہری تشویش ہے۔ 7 دسمبر سے دریائے چناب میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان انڈس واٹر کمیشن نے اپنے بھارتی ہم منصب کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں سندھ طاس معاہدے کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق وضاحت طلب کی گئی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی جانب سے پیشگی اطلاع دیے بغیر پانی چھوڑنے پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں اور اس عمل کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت نے پانی کے ڈیٹا اور متعلقہ معلومات کی فراہمی میں عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ طاہر اندرابی نے واضح کیا کہ دریاؤں سے متعلق کوئی بھی یکطرفہ اقدام قابل قبول نہیں۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے کیونکہ ایسے اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے۔