\
منگل‬‮   23   دسمبر‬‮   2025
 
 

جونیئر یو ایس اوپن: دستبرداری کے باوجود شرکت،پاکستانی کھلاڑیوں کیخلاف کارروائی کا امکان

       
مناظر: 660 | 23 Dec 2025  

یکطرفہ اور جانبدارانہ فیصلے کے خلاف یو ایس اوپن جونیئر اسکواش چیمپین شپ سے دستبرداری کے باوجود مقابلوں میں شرکت کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جانے کا امکان ہے۔

عمروں پر شک کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی کیٹگریز تبدیل کرنے پر پاکستان اسکواش فیڈریشن نے جاری یو ایس اوپن جونیئر اسکواش چیمپین شپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا مگر پاکستان سے تعلق رکھنے والے بعض کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ کے مختلف ایونٹس میں شرکت کی۔

ان میں سابق عالمی کھلاڑی اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل رہنے والے محب اللہ خان کا پوتا ایان خان بھی شامل ہے۔تاہم، بوائز انڈر 19 ایونٹ میں شریک ایان خان  تیسرے راؤنڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔

اسی طرح بوائز انڈر 13 ایونٹ میں محمد ارشد برکی بھی شکست کھا بیٹھے۔

گرلز انڈر 15 ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں زہرہ خان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ فضا خان بھی شکست سے دوچار ہو گئیں۔

البتہ، پشاور کی ماہنور علی اور ان کی بہن سحرش علی نے دیگر کھلاڑیوں کی طرح مقابلوں میں شرکت نہیں کی۔