اسلام آباد:متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، یہ ان کا صدر کے عہدے پر پہلا سرکاری دورہ پاکستان ہے جو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے۔
دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی استحکام جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
معزز مہمان کے شایان شان استقبال کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ شہر کو قومی پرچموں، متحدہ عرب امارات کے پرچموں، پھولوں اور رنگ برنگے قمقموں سے خوبصورت طریقے سے سجایا گیا ہے۔
صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا، جبکہ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 جنگی طیارے فضا میں معزز مہمان کو سلامی پیش کریں گے۔
اہم شاہراہوں پر پاکستان اور یو اے ای کے پرچم آویزاں کیے گئے ہیں، شاہراہ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس، صدر ہاؤس اور دیگر اہم تنصیبات کو خصوصی آرائش دی گئی ہے۔
شہر کے مختلف مقامات پر وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور شیخ محمد بن زاید النہیان کی تصاویر والے بینرز اور بورڈز لگا کر مہمان نوازی کا پرجوش اظہار کیا گیا ہے۔
معزز مہمان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامات کے سخت انتظام کیے گئے ہیں، ہیوی ٹریفک کا داخلہ صبح 6 بجے سے رات ساڑھے 12 بجے تک بند رہے گا۔
پاکستان سیکریٹیریٹ اور تمام وفاقی ادارے آج تعطیل پر رہیں گے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں بھی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بینکس، میٹروکارپوریشن سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اورگیس دفاتر کھلے رہیں گے۔
