\
منگل‬‮   13   جنوری‬‮   2026
 
 

سلمان علی آغا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا کارنامہ انجام دیدیا

       
مناظر: 279 | 13 Jan 2026  

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دمبولا میں کھیلا گیا تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اگرچہ قومی ٹیم کے لیے مایوس کن ثابت ہوا، تاہم کپتان سلمان علی آغا کی شاندار اور جارحانہ بیٹنگ نے شائقینِ کرکٹ کے دل جیت لیے۔

سلمان علی آغا نے محض 12 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابلِ یقین اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 375.0 رہا، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی کپتان کی جانب سے (کم از کم 10 گیندیں کھیلنے کی شرط کے ساتھ، فل ممبر ٹیموں کے خلاف) سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ ہے۔

اس کارنامے کے ساتھ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے سابق جارح مزاج بلے باز کیرون پولارڈ کا ریکارڈ توڑ دیا۔اس سے قبل یہ اعزاز کیرون پولارڈ کے پاس تھا جنہوں نے 2021 میں سری لنکا کے خلاف 11 گیندوں پر 38 رنز بنا کر 345.5 کا اسٹرائیک ریٹ حاصل کیا تھا۔

اس فہرست میں کوئنٹن ڈی کوک، روہت شرما اور ڈیرن سیمی جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں، مگر سلمان علی آغا نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

عام طور پر ایک آف اسپن آل راؤنڈر کے طور پر جانے جانے والے سلمان علی آغا نے اس اننگز کے ذریعے یہ ثابت کر دیا کہ وہ صرف بولنگ ہی نہیں بلکہ مشکل وقت میں میچ کا رخ موڑنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ اننگز 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے تناظر میں پاکستان کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

اگرچہ پاکستان میچ نہ جیت سکا، لیکن سلمان علی آغا کی یہ جارحانہ قیادت اور بیٹنگ آنے والے وقت میں قومی ٹیم کے لیے ایک نیا حوصلہ اور اعتماد بن سکتی ہے۔