\
ہفتہ‬‮   17   جنوری‬‮   2026
 
 

متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کو امیگریشن کلیئرنس کے حوالے سے بڑی خوشخبری مل گئی

       
مناظر: 936 | 14 Jan 2026  

متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کو امیگریشن کلیئرنس کے حوالے سے بڑی خوشخبری مل گئی۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس کے حوالے سے باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت پہلے مرحلے میں پائلٹ منصوبے کا آغاز کراچی سے ہو گا، اس کے بعد اسے مرحلہ وار دیگر شہروں تک بڑھا دیا جائے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان طے پا جانے والے اس معاہدے کے تحت مسافروں کی امیگریشن کلیئرنس پاکستان میں ہی مکمل کی جائے گی، اس عمل سے یو اے ای پہنچنے پر امیگریشن کی طویل کارروائی سے پاکستانیوں کو نجات ملے گی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کے ڈی جی کسٹمز و پورٹ سیکیورٹی احمد بن لاحج الفلاسی کی سربراہی میں یو اے ای کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات، باہمی تعاون اور مسافروں کیلئے امیگریشن کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پری امیگریشن کلیئرنس کے نئے نظام کے تحت کلیئرنس کا تمام عمل پاکستان میں ہی مکمل کیا جائے گا، جس سے مسافروں کو یو اے ای پہنچنے پر امیگریشن کی قطاروں اور تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔