\
ہفتہ‬‮   17   جنوری‬‮   2026
 
 

پی ایس ایل 11 کا 26 مارچ سے آغاز، فرنچائزز کو اوپن آکشن فارمولہ اپنانے کی تجویز

       
مناظر: 460 | 17 Jan 2026  

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فرنچائزز کو اوپن آکشن فارمولہ اپنانے کی تجویز دے دی، اس حوالے سے گورننگ کونسل میٹنگ میں ہفتے کو بھی بات چیت ہوگی،ارکان نے 11 ویں ایڈیشن کا 26 مارچ کو ہی آغاز کرنے پر اتفاق کر لیا، ریٹینشن سمیت اہم امور پر بھی تبادلہ خیال جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس گزشتہ دنوں منعقد ہوا،دونوں نئی ٹیموں کے مالکان بھی شریک ہوئے، ذرائع کے مطابق ارکان نے 11 ویں ایڈیشن کا 26 مارچ کو ہی آغاز کرنے پر اتفاق کر لیا، اس سے قبل23 تاریخ کو افتتاح کی تجویز سامنے آئی تھی۔

میٹنگ میں سب سے اہم معاملہ  ڈرافٹ یا آکشن کے حوالے سے تھا، چیئرمین بورڈ محسن نقوی نے ٹیم اونرز کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ اوپن آکشن فارمولے کو اپنایا جائے،اس کا کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہو گا، بعض اونرز اس سے متفق نظر آئے جبکہ دیگر ڈرافٹ کے ہی خواہاں ہیں۔

اس معاملے پر بات چیت جاری رہے گی، پلیئرز ریٹینشن پر بھی مزید تبادلہ خیال ہوگا،موجودہ نظام 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا ہے، تاہم 2 نئی ٹیموں کے اضافے سے ایسا ممکن نہیں رہا، اسی لیے پی سی بی چاہتا ہے کہ 3 پلیئرز فی ٹیم ریٹین ہوں، البتہ نئی فرنچائز صفر ریٹینشن کی حامی ہیں، پرانی ٹیمیں 5 کے حق میں ہیں۔

گزشتہ روز6 فرنچائز کے ارکان آن لائن شریک ہوئے، 2 فرنچائز کے نمائندے میٹنگ میں موجود رہے۔