سرگودھا میں شدید دھند کے باعث ایک ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقہ گلہ پور بنگلہ کے قریب پیش آیا جہاں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ایک منی ٹرک خشک نہر میں جا گرا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی طور پر 7 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ دیگر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں دوران علاج مزید 7 افراد دم توڑ گئے۔
حادثے کے وقت ٹرک میں مجموعی طور پر 23 افراد سوار تھے جو اسلام آباد سے فیصل آباد کسی جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے لیکن شدید دھند کے باعث موٹروے بند ہونے کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور نے لوکل روٹ استعمال کیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں مصری خان، حلیمہ بی بی، یاسین، سونیا بی بی، پٹھانی بی بی، ہانیہ، ایمان فاطمہ، رانی بی بی ، حارث، وسیم، حورین، آمنہ، حرم فاطمہ اور ثقلین شامل ہیں جبکہ حادثے میں حسنین، ثقلین، ظہیر، ممتاز، کاشف، ندیم، شمیم، نادیہ اور پروین زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔
