اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پرکشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بھارت کے یوم جمہوریہ پر سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ بہت سے جھوٹے دعوؤں کے ساتھ بھارت پھر یوم جمہوریہ منا رہا ہے، بھارت نے 70 سال سے کشمیریوں کی آزادی ، جینے مرنے کا حق چھین رکھا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی 10 لاکھ فوج دن رات ظلم ڈھا رہی ہے،قابض بھارتی فورسز کشمیریوں کے گھروں اور بستیوں کو جلا رہی جبکہ کشمیریوں کے قبروں کی بےحرمتی بھی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں کشمیری جوان بھارتی جیلوں میں قید ہیں، ہر کشمیری آزادی پسند ہے، وہ اپنے حق کے لیے ڈٹا ہوا ہے، بھارت سے سوال ہے کہ آزادی پسند کشمیری رہنماؤں کو کب رہائی ملےگی؟ خیال رہے کہ آج26 جنوری کو بھارت کا یوم جمہوریہ منایا جائے گا۔