اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) بالی وڈ کی ایوارڈ یافتہ معروف گلوکارہ وانی جے رام کی لاش ان کے اپارٹمنٹ کے کمرے سے برآمد ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وانی جے رام کے گھر کام کرنے والی صبح سویرے آئی اور گھر کی گھنٹی بجاتی رہی، بارہا گھنٹی بجانے کے باوجود جب کوئی جواب نہ آیا تو اس نے گلوکارہ کی بہن کو فون کیا اور آکر دروازہ کھولنے کا کہا۔ وانی جے رام کی بہن گھر کی دوسری چابی لے کر پہنچی اور دروازہ کھولا، گھر میں داخل ہونے کے بعد ان کی بہن اور کام والی نے ان کی لاش کو کمرے کے فرش پر پایا، وانی کے سر سے خون بھی بہہ رہا تھا۔ بعدازاں انہیں فوری اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کی۔ رپورٹس کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں کہ گلوکارہ کی موت ایک حادثہ تھی، قتل تھی یا انہوں نے خودکشی کی ہے، وانی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ وانی جے رام وہ گلوکارہ ہیں جنہوں نے 19 زبانوں میں گیت گائے، انہوں نے 1971 میں کیرئیر کا آغاز کیا اور تین بار بھارت کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی حاصل کیا۔