اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان نے ماسکو میں افغانستان پر ہونے والی علاقائی شراکت داروں کی کانفرنس میں شرکت نہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لیے پاکستان کے سفیر عبید نظامانی ابھی تک پاکستان میں ہیں ، ابھی سفیر کو واپس افغانستان بھیجنےکا فیصلہ نہیں کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ماسکو میں افغانستان سے متعلق کانفرنس میں شرکت نہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے، افغانستان اور ایران سے متعدد اہم امور پر رابطے میں ہیں،کسی خاص ایجنڈے پر فی الحال بات نہیں کرنا چاہتے، افغانستان سے انٹیلی جنس اور سکیورٹی امورپربھی بات جاری ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ترکیہ یا شام میں کسی پاکستانی کے زلزلے سے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، ترکیہ میں موجود 23 پاکستانیوں میں سے 16 کو واپس لایا جائےگا۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے دورہ امریکا سے متعلق علم نہیں، اس متعلق آئی ایس پی آر بہتر بتاسکتا ہے۔