نئی دلی 15فروری (نیوز ڈیسک )انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ نئی دلی اور ممبئی میں بی بی سی کے دفاتر پر بھارتی محکمہ انکم ٹیکس کے اہلکاروں کے چھاپے آزادی اظہاررائے کی سنگین خلاف ورزی ہیں ۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا بورڈ کے سربراہ آکار پٹیل نے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ ٹیکس کے چھاپے، جنہیں ‘سروے’ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے،بی بی سی کی طرف سے ایک ڈاکومنٹری جاری کیے جانے کے بعدایک ماہ سے بھی کم مدت میں مارے گئے ہیں جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے اظہار رائے کی آزادی کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام واضح طور پر بی بی سی کو حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی سے متعلق تنقیدی خبروں کوریج پر ہراساں کرنے اور ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اختلافات رائے کو خاموش کرانے کے لیے محکمہ انکم ٹیکس کو بار بارایک ہتھیار کے طورپراستعمال کیاجا رہا ہے۔ گزشتہ سال ٹیکس حکام نے آکسفیم انڈیا سمیت متعدد این جی اوز کے دفاتر پر بھی چھاپے مارے تھے۔ بھارت میں آزادی اظہار رائے کے حق کو مجروح کرنے والی یہ کارروائیاں اب بند کی جانی چاہیں۔
بھارت میں BBCکے دفاتر پر چھاپے اظہار ائے کی آزادی کی سنگین خلاف ورزی ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل
مناظر: 883 | 15 Feb 2023