اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف آئےہیں ان کو وقت دینا چاہیے،ان کی بہت تعریفیں سنی ہیں، آرمی چیف حافظ قرآن ہیں، میں امید رکھتا ہوں وہ امر بالمعروف پر چلیں گے۔
اپنے ویڈیو خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم تو ان سے امید لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں، فوج تب مضبوط ہوتی ہے جب قوم اس کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے ،جس طرف ملک جا رہا ہے قوم کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں،شریف خاندان نے اپنے فرنٹ مین اسحاق ڈار کی مدد سے منی لانڈنگ کی،چوری کے پیسے سے باہر بڑی بڑی پراپرٹیز بنائی گئیں۔اگر ملک ڈیفالٹ کرگیا تو ان لوگوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ، ان کا سارا پیسہ ڈالروں میں باہر پڑا ہے ،ملک اگر ڈیفالٹ کی طرف چلا گیا تو یہ ہم سب کیلئے بہت نقصان ہوگا،ڈیفالٹ ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کرتا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے دورحکومت میں مہنگائی تیل کی وجہ سے تھی، آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں نیچے آگئی ہیں،60ءکی دہائی کے بعد کسی حکومت نے کوشش نہیں کی کہ ملکی ایکسپورٹ بڑھیں،جب تک ایکسپورٹ نہیں بڑھیں گی ملک ایشیئن ٹائیگر نہیں بن سکتا،ہماری ایکسپورٹ بڑھنے کی بجائے نیچے جارہی ہے،ہر مہینے پاکستان کی ایکسپورٹ میں 18فیصدکمی ہورہی ہے،اگر ہماری حکومت رہتی تو ایکسپورٹ 38ارب ڈالرز تک جاتی،اوورسیز پاکستانیوں کو اس حکومت پر اعتماد نہیں،ایکسپورٹ اور ریمیٹنس نہیں بڑھیں گی توملکی قرضے کیسے ادا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی ذات اور تحریک انصاف کیلئے الیکشن کی بات نہیں کر رہا ہوں بلکہ ملک کیلئے کررہا ہوں،جب بھی الیکشن ہوں گے جیتنا ہم نے ہی ہے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام آہی نہیں سکتا،میچ اب یہ کھیل نہیں سکتے،36 میں سے 29ضمنی الیکشن ہم جیتے،ان کے ساتھ پوری حکومتی مشینری تھی،ہمیں کہا گیا تھا کہ سلیکٹڈ ہے، اب تو کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کون سلیکٹڈ ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن نہ ہونے سے پی ٹی آئی کو نہیں ملک کونقصان ہے،ان کو این آر او ٹو دیا گیا،سب کو پتہ ہے کہ انہیں ملک کے طاقتور نے این آر او ٹو دیا جس کی وجہ سے ان کے سارے کرپشن کیسز ختم ہو رہے ہیں، ان کے سارے کیسز باری باری معاف ہو رہے ہیں، نیب ترامیم سے یہ سب بچ جائیں گے،راناثنااللہ،مریم نواز اور اب سلیمان شہباز بھی کرپشن سے پاک ہوجائے گا۔ ان کی کوشش ہے کہ مجھے نااہل کیا جائے،اعظم سواتی کے ساتھ جو ہوا وہ آمریت میں بھی نہیں دیکھا،کون سے معاشرے کے اندر ایسا ظلم ہوتا ہے، اعظم سواتی پر ننگا کرکے تشدد کیا گیا،30 سے زائد کیسز رجسٹرڈ کیے گئے۔