اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق مردم شماری کی سکیورٹی پر مامور پولیس پارٹی پر دہشت گردوں کے حملہ کے دوران ایک اہلکار شہید ہو گیا جبکہ جوابی کارروائی میں دہشت گرد کمانڈر ہلاک ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں نے حملہ ضلع ٹانک میں کیا، پولیس پارٹی مردم شماری کرنے والوں کی سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی میں گھیر لیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر عبدالرشید عرف رشیدی مارا گیا۔
ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور شہریوں کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھا، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن اور سکیورٹی فورسز کے عزم کو سراہا۔