سرینگر(نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی بھارت کو بی جے پی راشٹر بنانے کے اپنے مذموم مقصد کے حصول کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کی یلغارپر خاموش نہیں رہے گی۔
محبوبہ مفتی نے پونچھ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے اداس چہرے جموں و کشمیر کی صورتحال کا منہ بولتا ثبوت ہیں جہاں ہزاروں نوجوان جیلوں میں قید اور خوف و دہشت کا ماحول قائم ہے۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زوردیا کہ وہ ہوشیار رہیں کیونکہ اگست2019کے بعد جموں و کشمیر کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے آخر کار انہیں بھی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔محبوبہ مفتی نے خبردار کیاکہ بی جے پی نے مقبوضہ علاقے کو تجربہ گاہ میں تبدیل کر دیا ہے تاکہ بھارت دیگر حصوں میں نفاذ سے پہلے اپنی پالیسیوں کا یہاں تجربہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کو سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ آج جب بی جے پی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی کی مدد سے اپوزیشن لیڈروں کو جیلوں میں ڈال کر جمہوریت کو پامال کر رہی ہے،تو انہیں اس پالیسی کی تپش محسوس ہو رہی ہے ۔انہوں نے بعد میں صحافیوں کو بتایاکہ دفعہ 370کی منسوخی غیر آئینی اقدام تھالیکن لیڈروں کی اکثریت خاموش رہی۔ “مجھے پختہ یقین ہے کہ ہم دفعہ 370کو سود کے ساتھ واپس بحال کرائیں گے ۔محبوبہ مفتی نے سیاسی لیڈروں بشمول ان کے اور دو دیگر سابق وزرائے اعلی، نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ اور ان کے بیٹے عمر عبداللہ پرکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور وہاںخوف ودہشت کا ماحول قائم کیاگیا ہے تاکہ عوام کو خاموش کرایا جاسکے ۔