پونے(نیوز ڈیسک ) بی جے پی سے معطل لیڈر و رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کو 2026 تک ”اکھنڈ ہندوراشٹرا“ قرار دے دیا جائے گا۔ مہاراشٹرا کے احمد نگر ضلع کے رہاتا میں ہندو تنظیموں کی جانب سے حال ہی میں منعقدہ ایک پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے ٹی راجہ سنگھ نے کہا کہ احمد نگر اور حیدرآباد شہروں کا نام بدل کر اہلیا بائی نگر اور بھاگیہ نگر کیا جائے گا۔
ٹی راجہ سنگھ نے کہا کہ ”ہندو مطالبہ کررہے ہیں کہ ملک کو ”اکھنڈ ہندو راشٹر“ بنایاجائے۔ اگر50سے زائد اسلامی ممالک اور 150 سے زائد عیسائی ملک ہوسکتے ہیں تو ہندوستان کو ہندو راشٹرا کیو ں نہیں قرار دیا جاسکتا؟ جہاں ہندوؤں کی اکثریت ہے۔
ٹی راجہ سنگھ کو شان رسالت ؐ میں گستاخی کے کیس میں حیدرآباد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد بی جے پی نے پارٹی سے معطل کردیا۔ ان پر 75سے زائد فوجداری مقدمات درج ہیں جن میں سے 30کیسس تو مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے سے متعلق ہیں۔
حیدرآباد میں گوشہ محلہ حلقہ کی نمائندگی کرنے والے راجہ سنگھ نے کہا کہ ”چاہے کچھ بھی ہو، 2025 یا 2026 میں ہندوستان کو ”اکھنڈ ہندو راشٹر“ قرار دیا جائے گا۔ یہ میں نہیں کہہ رہا یہ سبھی سادھو سنتوں کی دہاڑ ہے اور یہ ان کی پیشین گوئی ہے۔
“ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں اورنگ آباد اور عثمان آباد شہروں کا نام بدلنا محض شروعات ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے حال ہی میں اورنگ آباد شہر کا نام بدل کر چھترپتی سمبھاجی نگر اور عثمان آباد شہر کا نام بدل کر ”دھاراشیو“ کرنے کی تجویز کو منظوری دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو اورنگ آباد اور عثمان آباد شہروں کے نام بدلنے سے تکلیف ہے۔ میں ان لوگوں سے کہنا چاہوں گا کہ یہ محض آغاز ہے، کیو ں کہ احمد نگر کا نام بھی بدلا جائے گا۔ اس کا نام اہلیا بائی نگر رکھا جائے گا اور احمد نگر نام مٹادیا جائے گا۔ اس کے علاوہ حیدرآباد کا نام بھی بھاگیہ نگر کیا جائے گا۔
اورنگ آباد شہر کا نام بدلنے کی مخالفت کرنے والے مجلس کے ایم پی امتیاز جلیل پر بظاہر طنز کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اورنگ آباد میں پیدا ہوئے اور اورنگ آباد میں ہی مریں گے۔
میں ان سے کہنا چاہوں گا کہ اگر وہ اورنگ آباد میں بھی پیدا ہوئے تو انہیں سمبھاجی نگر میں مرنا ہوگا۔ آپ ہندو راشٹرا میں مریں گے۔ خواہ کچھ ہوجائے (نیا) نام نہیں بدلے گا، کیونکہ ہندوبیدار ہوچکے ہیں۔