اسلام آباد (پیارا کشمیر نیوز سروس ) انڈیا کی حکومت نے ایک پاکستانی ویڈیو سٹریمنگ سروس کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ملک میں بلاک کردیا ہے۔ انڈین اخبار ’دا ہندو‘ کے مطابق انڈیا کی وزارت اطلاعات نے پاکستانی ویڈیو سٹریمنگ سروس ’وِڈلی ٹی وی‘ کو ایک ویب سیریز ’سیوک: دا کنفیشنز‘ ریلیز کرنے پر ملک بھر میں بلاک کیا ہے۔
انڈین وزارت اطلاعات نے الزام لگایا ہے کہ ویب سیزیز انڈیا کی ’قومی سلامتی، سالمیت، دفاع، ریاستی سکیورٹی اور دیگر ممالک سے دوستانہ تعلقات‘ کے لیے خطرہ ہے۔
’دا ہندو‘ کے مطابق ’وِڈلی ٹی وی‘ پر اب تک ویب سیریز ’سیوک: دا کنفیشنز‘ کی تین اقساط اپلوڈ کی جا چکی ہیں۔
انڈین وزارت اطلاعات نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ انہیں شک ہے اس ویب سیریز کو بنانے اور ریلیز کرنے میں پاکستان کا ہاتھ ہے۔
خیال رہے ویب سیریز ’سیوک: دا کنفیشنز‘ میں انڈیا میں 1984 سے لے کر 2022 تک کہ ایسے واقعات کو دکھایا گیا ہے جن میں انڈیا میں انتہا پسند عناصر ملوث رہے ہیں۔
اس ویب سیریز کی کاسٹ میں عدنان جعفر، نئیر اعجاز، محسن عباس حیدر اور حاجرہ یامین شامل ہیں۔