مہاراشٹر(نیوز ڈیسک ) سنٹرل گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (سی جی ایس ٹی) کمشنر نے مہاراشٹر کے ضلع تھانے میں چینی اسمارٹ فون کمپنی اوپو کے بھارتی مینیجر کو جعلی رسیدوں پر 19 کروڑ روپے کے فراڈ کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شہر بھیونڈی کے سی جی ایس ٹی کمشنر نے بتایا کہ اوپو موبائلز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے فائنانس اینڈ اکاؤنٹس ڈویژن کے مینیجر مہیندر کمار راوت کو گرفتار کرکے مقامی عدالت میں پیش کیا گیا ہے اور 3 اپریل تک عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔ تحقیقات کے دوران جمع ہونے والے شواہد کی بنیاد پر مہیندر کو ایکٹ کی دفعہ 132 کی خلاف ورزی کرنے پر سی جی ایس ٹی ایکٹ 2017 کی دفعہ 69 کے تحت گرفتار کیا گیا۔ سی جی ایس ٹی بھیونڈی کمشنریٹ کے انسداد چوری کے ونگ کی طرف سے کی گئی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ اوپو، مہاراشٹر کسی بھی سامان کی رسید کے بغیر جعلی آئی ٹی سی حاصل کرنے میں ملوث تھا۔
اوپو موبائلز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجر فنانس اینڈ اکاؤنٹس اور مجاز دستخط کنندہ مہیندر کمار راوت نے جعلی ITC کا فائدہ اٹھانے میں کلیدی کردار ادا کیا جس کی قیمت 19,27,54,093 بھارتی روپے بنتی ہے۔