اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) بھارتی پنجاب میں پولیس مظالم کےخلاف بھارتی ہائی کمیشن لندن پر سکھوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کا اہتمام فیڈریشن آف سکھ آرگنائزیشن اور سکھ یوتھ تنظیموں نے کیا۔اس موقع پر سکھ نوجوانوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر پر جوتیاں برسادیں۔لندن کے علاوہ برطانیہ کے دیگر شہروں سے بھی مظاہرین لندن پہنچے۔ اس موقع پر بھارتی ہائی کمیشن کے اطراف کا علاقہ خالصتان کے نعروں سے گونج اٹھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتہ ہائی کمیشن کی عمارت سے بھارتی جھنڈا اتارنے کے واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ اس موقع پر سکھ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت سے بنیادی حق آزادی مانگ رہے ہیں۔ بھارت طاقت کے زور پر خالصتان کی تحریک کو نہیں دبا سکتا۔ سکھ رہنما نے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ دریں اثنا اس موقع پر بھارتی ہائی کمیشن کی چھت سے سفارتی عملے نے مظاہرین پر پانی کی بوتل پھینک دی۔ مشتعل مظاہرین کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی۔ ہائی کمیشن کی حفاظت کیلئے سیکڑوں پولیس افسران ڈیوٹی پر موجود تھے اور بھارتی ہائی کمیشن کے مرکزی دروازے کے سامنے پولیس نے صف بندی کر رکھی تھی۔ پولیس کو خدشہ تھا کہ مشتعل نوجوان دوبارہ بھارتی جھنڈا نہ اتار دیں۔