نئی دلی(نیوز ڈیسک )بھارت میں کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے اوردیگر رہنمائوں نے ہندو تہواررام نومی کے موقع پر ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات پر بھارتیہ جنتاپارٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ جب بھی بی جے پی کو احساس ہوتا ہے کہ وہ کمزور ہو رہی ہے تو وہ ملک میںفرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دیتی ہے اور لوگوں کو پولرائز کرتی ہے۔
کانگریس کے صدر نے ایک بیان میں کہاکہ ان فرقہ وارانہ فسادات میں بی جے پی براہ راست ملوث ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کوجب بھی احساس ہوتا ہے کہ وہ کمزور ہورہی ہے تو وہ ملک میںفرقہ وارانہ فسادات بڑھکاتی ہے اور لوگوں کو پولرائز کرتی ہے۔ اس سے قبل شیو سینا کے لیڈر سنجے راوت نے بھی فرقہ وارانہ فسادات پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہاتھا کہ بنگال میں تشدد بی جے پی کی منصوبہ بند سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی ملک میں الیکشن قریب ہوتے ہیں اور بی جے پی کو اپنے نقصان کا خوف ہوتا ہے یا جہاں بی جے پی کی حکومت کمزور ہو وہاں فسادات شروع ہوجاتے ہیں۔ریاست بہارمیں فرقہ وارانہ فسادات کے بارے میں کانگریس لیڈر اجیت شرما نے کہا کہ بہار میں ان دنوں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہمیں 1989 کے فسادات کی یاد دلا تا ہے۔ ان فسادات میں نہ جانے کتنے لوگوں کی جانیں گئی تھیں۔ کتنے بے گناہ لوگ مارے گئے جنہیں آج تک انصاف نہیں ملا اور بی جے پی ایک بار پھر بہار میں اسی طرح کے فسادات کرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے اسے 2024میں ہونے والے انتخابات سے بھی جوڑا۔